منی لانڈرنگ کیس، خواجہ آصف کیخلاف عثمان ڈار نے دستاویزات جمع کرادیں
اسلام آباد(نا مہ نگار)تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو اہم دستاویزات جمع کرا دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو اہم دستاویزات جمع کرائی، عثمان ڈار کو نیب نے خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات میں معاونت کے لئے بلایا تھا۔نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ کے تمام خفیہ اکاو نٹس اور یو اے ای میں خواجہ آصف کے نجی ریسٹورنٹ کی تفصیل نیب میں جمع کرائی ہے جبکہ امریکہ میں ان کی اہلیہ کے اکاو نٹ کی تفصیل بھی نیب سے شیئرکی ہے۔ اس موقع ہر تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ افتخار درانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔عثمان ڈار نے کہا کہ اسی کی دہائی میں خواجہ آصف ایک بینک کے کلرک تھے اب وہ ارب پتی کیسے بنے ؟ خواجہ آصف کے ساتھ میرا ذاتی معاملہ اپنی جگہ لیکن پاکستان کے مفاد کے لئے ان کی منی لانڈرنگ پر لڑائی کررہے ہیں۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے وزیر خارجہ کیخلاف مزید شواہد جمع کراو ں گا ، نیب سے درخواست کی ہے جلد از جلد اس کیس کو نمٹایا جائے۔
دستاویزات