جاپان پاکستان کے پولیس اداروں کیلئے 490 ملین روپے کی گاڑیاں دیگا
اسلام آباد (آئی این پی) جاپان پاکستان کو وزارت داخلہ اور وزارت مواصلات کے تحت کام کرنیوالے پولیس کے اداروں کیلئے 490 ملین روپے مالیت کی ہائبرڈ گاڑیاں فراہم کرے گا۔ گذشتہ روز پاکستان میں جاپانی سفیر روشی انوماتا اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نرگس سیٹھی نے اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے، 490 ملین روپے مالیت کی یہ گاڑیاں جاپان پاکستان کو نان پراجیکٹ گرانٹ ایڈ کے تحت دیگا۔ پاکستان نے حکومت جاپان سے پولیس اداروں کیلئے جاپانی ہائبرڈ گاڑیوں کی فراہمی کیلئے درخواست کی تھی۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت جاپان پاکستان کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد بڑھانے کیلئے ہر ممکن مدد دیگی۔ جاپانی سفیر نے بتایا حکومت جاپان نے جاہیکا کے ذریعے پچھلے دس سال کے دوران پچاس کے قریب پاکستانی پولیس افسران کو فورنزک سائنس، ڈرگ کنٹرول اور دہشت گردی کی تفتیش سے متعلق تربیت کے مواقع فراہم کئے ہیں۔