ٹیوٹا کمپنی کا گاڑیوں کی قیمت میں 75 ہزار روپے تک کی کمی کا اعلان
کراچی (آن لائن) ٹیوٹا گاڑیاں بنانے والی اور اس کی ڈسٹری بیوٹر، انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی) نے گاڑیوں کی قیمت میں 75 ہزار روپے تک کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ قیمت میں یہ کمی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کے باعث کی گئی ہے۔ آئی ایم سی نے روپے کی قدر میں اضافے کا فائدہ صارفین کو پہنچانے کیلئے یہ اقدام کیا ہے۔ حال ہی میں روپے کی قدر میں وزارت خزانہ کی کوششوں اور حکومتی اقدامات کے باعث استحکام آیا ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر آئی ایم سی علی اصغر جمالی نے اس ضمن میں حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں ہم روپے کی قدر کو مستحکم بنانے کیلئے حکومتی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔ وزارت خزانہ نے روپے کی قدر کو بہتر بنانے کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر دکھایا۔