دینی جماعتیں ایک پلیٹ فارم، ایک نشان پر الیکشن میں حصہ لیں: فضل الرحمن
کراچی (سٹاف رپورٹر) جمعیت علماءاسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری کوشش تھی کہ دینی جماعتیں ایک پلیٹ فارم اور ایک نشان پر انتخاب میں حصہ لیں۔ یہ کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ جمعیت علماءاسلام آئندہ انتخابات میںدینی جماعتوں کے ساتھ پہلی ترجیح کے طور پر مقامی سطح پر ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔کوشش کریں گے کہ مذہبی ووٹ تقسیم نہ ہو۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماءپاکستان کے نائب صدر شاہ محمد اویس نورانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اِس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ پاکستان میں موجود کر سیکولر قوتوںکی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ دینی جماعتوں کا ووٹ بینک تقسیم ہو اور اتحاد کے خلاف سازشیں کرتے رہے ہیں۔ جمعیت علماءپاکستان نے بہت کوشش کی کہ متحدہ مجلسِ عمل بحال ہو جائے لیکن وہ کوششیں کارگر ثابت نہ ہوئیں۔ آئندہ انتخابات میں دینی جماعتیں مل کر سیکولر قوتوں کا مقابلہ کریں گی۔