وزیراعظم اور نوازشریف کی ملاقات کل ہوگی‘ پنجاب حکومت کی بحالی پر اتفاق ہو سکتا ہے

21 مارچ 2009 (11:52)
لاہور (خبرنگار خصوصی) آنے والے دو دن ملکی سیاست خصوصاً پنجاب کے بحران کے حوالے سے نہایت اہم ہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کل رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف کی دعوت ظہرانہ میں شریک ہونگے۔ مذکورہ ملاقات کا تعلق حکومت اور مسلم لیگ (ن) میں مفاہمانہ کوششوں کے ضمن میں ہے۔ اس امر کا امکان ہے کہ اس میں 24 فروری والی پنجاب حکومت کی بحالی پر اتفاق ہوجائے۔ مذکورہ ملاقات میں بعض عدالتی امور\\\' آئینی معاملات خصوصاً 17 ویں ترمیم کا خاتمہ بھی زیرغور آئیگا۔ وزیراعظم گیلانی شریف قیادت اور ایوان صدر کے درمیان تعلقات کی بحالی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ آج اتوار کے روز (ق) لیگ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس مسلم لیگ ہاﺅس میں ہورہا ہے۔ مذکورہ اجلاس نئی سیاسی صورتحال خصوصاً پنجاب کے بحران کے حوالے سے اہم ہوگا جس میں فیصلہ متوقع ہے کہ (ق) لیگ پنجاب میں حکومت سازی کے عمل میں کس کا ساتھ دیگی۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی سے معاملات طے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پیر کے روز رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہورہا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) نئی پیدا شدہ صورتحال خصوصاً پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کا تعین کریگی۔ نئی پیدا شدہ صورتحال میں ملک کے جمہوری مستقبل کے حوالے سے اس اجلاس کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔