میں بھی کوئی غلط کام کروں تو میرے خلاف عوام اُٹھ کھڑے ہوں: مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف
لاہور میں ملک بھر سے آئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ قوم کے سڑکوں پر آنے سے ملک میں بہت بڑی تبدیلی آئی جو ایک انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔ وہ مسلم لیگ نون کے لئے قربانیاں دینے والوں سے لاتعلق نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں رہیں یا اپوزیشن میں عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے ایک سال میں قومی ایجنڈے کی تکمیل کرکے ملک کو خوشحال بنا دیں گے۔ قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے کارکن ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مقاصد حاصل کرکے دم لیں گے ایجنڈے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور نہ کی گئیں تو عوام خود دور کر دیں گے، پارلیمنٹ نے مسائل حل نہ کئے تو فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ قوم نے پہلی بار تاریخی کام کیا جو مطالبہ دو سال سے پورا نہیں ہو رہا تھا قوم نے سڑکوں پر آکر ایک دن میں پورا کرا لیا۔