امریکہ کے بعد برطانیہ بھی پاکستان میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو القاعدہ کے خلاف لڑنے کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔
برطانوی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ ایف سی کے اہلکاروں کو تربیت دے رہا ہے۔ اخبار نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانوی فوج کی ایک ٹیم پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کے تحت فرنٹیئرکور کے اہلکاروں کی القاعدہ کے خلاف لڑنے کی صلاحیت بڑھانے کے لئے کام کررہی ہے۔ برطانوی وزارت دفاع نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فوجی دستہ سن دوہزار آٹھ سے پاکستان میں موجود ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب برطانیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان فرنٹیئر کور کی تربیت میں امریکہ کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ کی کوشش ہے کہ وہ القاعدہ کے خلاف کارروائی کیلئے قبائلی علاقوں میں موجود ایف سی اہلکاروں کو ہی تیار کرے جو وہاں کے جغرافیے، زبان، تہذیب اور ثقافت سے بخوبی آگاہ ہیں۔