افغانستان میں زچ کر دینے والی حکمت عملی کا سامنا ہے: مِلی بینڈ

21 مارچ 2009
لندن ( ریڈیو نیوز ) برطانیہ کے وزیرِ خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا ہے کہ امریکہ برطانیہ اور ان کے اتحادیوں کو افغانستان میں زچ کر دینے والی حکمت عملی کا سامنا ہے۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ مِلی بینڈ نے کہا کہ طالبان کو مزید علاقوں پر قبضہ کرنے سے روکنے کے لئے افغانستان میں مزید مؤثر اور بڑی فوج درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ملکوں کو مزید فوجی افغانستان بھیجنے چاہئیں اور ہمارا بوجھ بانٹنے میں کردار ادا کریں۔ ملی بینڈ نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ طالبان ہماری فوجوں پر حاوی آ رہے ہیں کیونکہ جب بھی باقاعدہ مقابلہ ہوتا ہے تو وہ شکست کھا جاتے ہیں لیکن بہرحال وہ ہماری فوجوں کو بھاری نقصان پہنچانے کے قابل ہیں۔دریں اثناء برطانوی وزیر خارجہ نے امریکہ کی طرف سے افغانستان کے مسئلے کا پاکستان سے گہرا تعلق تسلیم کرنے کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات اب ناقابل تردید ہے کہ صرف طاقت سے خطے کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 2012ء تک افغان فوج کی تعداد دگنی ہو جائے گی۔
ملی بینڈ