بزرگ شہریوں کے مسائل کا حل‘جلد ہیلپ لائن کا اجراء ہوگا:شمیم ممتاز
کراچی ( نیوز رپورٹر) سندھ سینئر سٹیزن کونسل کے تحت ایس آر ایس اور ہیلپ ایج انٹرنیشنل کے تعاون سے بزرگ شہریوں کے حقوق کی آگہی کے عالمی دن کے موقع پر مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا، مہمان خصوصی چیئرپرسن سندھ سینئر سٹیزن کونسل ایم پی اے شمیم ممتاز، چیف ٹیکنیکل آفیسر شبنم کریم، چیئرمین بزرگ دوست نیٹ ورک رانا علی اکبر ، سینئر جج اسلم شیخ، امداد حسین چنا، غلام علی نظامانی، عروسہ کھٹی،سینئر ادیب صحافی عبدالصمد تاجی، ضیاء قریشی ، عبدالقدوس. ہیلپ ایج انٹرنیشنل کونسل کے سجاد علی شاہ و دیگر سماجی ورکروں نے اس دن کی اہمیت کے حوالے سے بزرگ شہریوں کی اہمیت اور ان کے مسائل اور حکومت سندھ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر گفتگو کی۔شرکاء نے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے کئے گئے اقدامات مثالی ہیں، مہمان خصوصی شمیم ممتاز نے کہا کہ ہم جلد بزرگ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے ہیلپ لائن بھی بنا رہے ہیں، ہمارا شیلٹر ہوم جلد ہی فعال ہو جائے گا، اسپتالوں میں علیحدہ خصوصی وارڈ قائم کرنے پر کام ہو رہا ہے۔سینئر سٹیزن کیلئے نادرا سے مل کر بلا امتیاز سیاسی وابستگی آزادی کارڈ بنانے پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے ، اس کارڈ کی وجہ سے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں بزرگ شہریوں کو رعایت حاصل ہوگی۔ہمیں اس سلسلے میں اعداد و شمار بھی حاصل کرنا ہوں گے۔ سیمینار میں میڈم ثمینہ، حنا کاظمی، ڈاکٹر کیول رام، عائشہ گل، ضیائ قریشی، منیر عقیل انصاری، عابدہ سہیل ، نشاط احمد، اقبال کلمتی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔