عدنان کے قاتل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جرم کا اقرار کر لیا
اسلام آباد(وقائع نگار)پولیس تھانہ ناڑہ کی کامیاب حکمت عملی ،ننھے فرشتے عدنان کے سفاک قاتل نے جوڈیشل مجسٹریٹ اول حویلیاں کی عدالت میں اپنے جرم کا اقرار کر لیا دوسری جانب سانحہ ماڑی کے دلخراش انکشافات نے اہلیان ماڑی کو ایک لڑی میں پرو دیا ،گرینڈ جرگہ میں ملزمان کی علاقہ بدری اور متاثرہ فیملی کی قانونی مدد کرنے کے عزم کا اعادہ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں سے تھانہ ناڑہ کی حدود ماڑی کے جنگل میں 10 سالہ بچے عدنان کے بیمانہ قتل نے اہلیان ایبٹ آباد کو بالعموم اور اہلیان تھانہ ناڑہ کو بالخصوص جنجھوڑ کے رکھ دیا ہے ۔ایس ایچ او تھانہ ناڑہ سردار بشیر خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بروقت اندھے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے ملزم کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ کیس کی تہہ تک پہنچتے ہوئے ملزم کو عدالت میں پیش بھی کر دیا ۔ایس ایچ او ناڑہ سردار بشیر خان نے ملزم کو گذشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ درجہ اول حویلیاں ملک ذیشان کی عدالت میں پیش کیا ملزم طاہر نے بلا خوف و خطر اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے وجہ بھی بتادی ،مجسٹریٹ درجہ اول کی جانب سے بار بار دبائو کا پوچھے جانے کے باوجود ملزم نے اقرار کیا کہ وہ بغیر کسی خوف و دبائو کے اپنے جرم کا اقرار کر رہا ہے۔