حکومتی اتحادیوں نے بجٹ کی منظوری میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے:معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان
اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے تعاون سے وفاقی بجٹ منظور کرائے گی۔انہوں نے جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اتحادیوں نے وزیراعظم کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) وفاق اور پنجاب کے بجٹ منظور کرانے کیلئے نمایاں کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف بجٹ منظور نہ ہونے دینے کی دھمکیاں دے کر پارلیمنٹ میں منفی کردارادا کررہی ہے ۔معاون خصوصی نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت قانون کی بالادستی پریقین رکھتی ہے اور وزیراعظم عمران خان معاشرے میں انصاف یقینی بنائیںگے۔انہوں نے کہاکہ پہلی بار طاقتور کے خلاف قانون حرکت میں آیا ہے اوران کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے اور یہ عمران خان کے وژن پرعملدرآمد ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کوالیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس جاری کرنے پرحیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کابینہ کے سابق رکن علی محمد مہر کی وفات پر اظہار افسوس کیلئے گھوٹکی گئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ وہاں وزیراعظم نے نہ تو صحافیوں سے گفتگو کی اور نہ حلقے کیلئے کسی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ دوسری طرف سندھ حکومت حلقے کے انتخاب میں دھاندلی کیلئے سرکاری وسائل استعمال کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لیناچاہیے ۔