حکومت اٹھارویں ترمیم اور صوبوں کے حقوق ختم کرنا چاہتی ہے، بدقسمتی سے جمہوریت کا سورج ڈوب رہا ہے: بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو اس لیے گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ حکومت اٹھارویں ترمیم اور صوبوں کے حقوق ختم کرنا چاہتی ہے، پنجاب کے اسپیکر سمیت کئی حکومتی وزرا کے خلاف نیب میں کیسز ہیں لیکن وہ تو آزاد پھر رہے ہیں،نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں،بدقسمتی سے جمہوریت کا سورج ڈوب رہا ہے۔پیپلز پارٹی راستے میں رکاوٹ ہے،بزدل لوگ بزرگ اور خواتین کو نشانہ بناتے ہیں۔جمہوریت کی مضبوطی اور انسانی حقوق کا تحفظ اگر جرم ہیں تو یہ جرائم ہم بار بار کریں گے، اس کیلئے کوئی بھی قربانی دینی پڑی کوئی دریغ نہ اب کریں گے۔جمعہ کونواب شاہ میں بے نظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری سے کہا گیا کہ وزارت عظمی لے لو لیکن بے نظیر کوچھوڑ دو مگر آصف زرداری نے انکار کردیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے فخر اپنے بہادر باپ پر اور پور ے سندھ کو اپنے بہادر فرزند پر فخر ہے جس نے غریبوں کا تحفظ کیا۔ پورے ملک کو آصف زرداری پر فخر ہے جس نے بے نظیر بھٹو کی لاش پر کھڑے ہو کر پاکستان کھپے کا نعرے لگایا اور ملک کوبچایا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا جرم کیا ہے کہ اس کی ساری جوانی جیلوں میں گل گئی لیکن ان کاجی نہیں بھرا، اس عمر اور اس کیفیت میں پھر قید کیا گیا جبکہ وہ کہیں ملک چھوڑ کر بھاگا نہیں بلکہ عدالتوں اور نیب میں پیش ہورہا تھا۔ یہاں تو پنجاب کے اسپیکر سمیت کئی حکومتی وزرا کے خلاف نیب میں کیسز ہیں لیکن وہ تو آزاد پھر رہے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آصف زرداری ہنستے ہوئے جیل چلے گئے لیکن ان کاجرم یہ ہے کہ ان کی جانب سے اختیارات پارلیمان کو واپس کیے گئے۔ اٹھارویں ترمیم کو منظور کرایا، فیڈریشن کو مضبوط کیا، این ایف سی ایوارڈ دیا، غریبوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کو جیل بھیجنا اس لیے ضروری تھا کیونکہ حکومت 1973 کے آئین کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ یہ صوبوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی اس میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا آصف زرداری عوام کے حقوق کا محافظ ہے، اس لیے تو ان کے جرائم کی فہرست بہت لمبی ہے۔ وہ جرم جس سے فیڈریشن مضبوط ہو، مزدور سر اٹھا سکے، وہ جرم جس سے جمہوریت مضبوط ہو اور انسانی حقوق کا تحفظ ہو۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آصف زرداری کی ذات پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے لیکن ان کی جانب سے کبھی اس کا جواب نہیں دیا۔ سندھ والے جانتے ہیں کہ زرداری قبیلہ سندھ کا ایک بڑا قبیلہ ہے، میرے دادا اس قبیلے کے سردار بھی تھے اور کراچی کے ایک بہت بڑے بزنس مین بھی تھے۔ زرداری کے خاندان کے بڑے حسن علی آفندی نے سندھ مدرستہ الاسلام بنایا تھا جہاں قائد اعظم سمیت بہت سے بڑے لوگوں نے تعلیم حاصل کی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اس ملک کا المیہ یہ ہے کہ یہ سارے کام اب جرم بن چکے ہیں اور اگر یہ جرم ہیں تو یہ جرائم میں نے بھی کرنے ہیں۔ ہم یہ جرم کریں گے اور بار بار کریں گے، اس کیلئے کوئی بھی قربانی دینی پڑی، اس کے لئے نہ پہلے کوئی دریغ کیا اور نہ اب کریں گے۔