دس سالہ قرضوں کا فرانزک آڈٹ، 12 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل، نوٹی فکیشن جاری

گزشتہ 10 سالوں میں لیے گئے قرضوں کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر کی سربراہی میں قائم کمیشن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے 10 سالہ قرضوں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس کے مطابق تحقیقاتی کمیشن 12 ارکان پر مشتمل ہے جس کی سربراہی حسین اصغر کریں گے جبکہ نیب، ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ایف بی آر ، آڈیٹرجنرل، ایم آئی اور ایس ای سی پی نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
اعلیٰ سطح پر تشکیل دیا جانے والا کمیشن کو کسی بھی شخصیت سے معاونت حاصل کرنے کا اختیار دیا گیا جبکہ تحقیقاتی کمیٹی کو 6 ماہ میں حتمی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات بھی دیے گئے تاہم نوٹی فکیشن میں کمیشن کے اراکین کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔