سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا,چین کےمختلف شعبوں سے تعاون حاصل کریں گے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات بڑھانے کےلئے موثر اقدامات کررہی ہے،سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے، اگلے مرحلے میں زراعت اور صنعتی زونز سمیت مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کی حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات کررہی ہے، چین کے تعاون سے ملک میں صنعتوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےسی پیک فورم سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتی شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے، سی پیک کے تحت باہمی روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری( سی پیک) عظیم منصوبہ ہے جس کے تحت نجی شراکت داری کو فروغ دیا جارہا ہے۔ خسرو بختیار نے کہا کہ چین کے مختلف شعبوں سے تعاون حاصل کریں گے، پاکستان توانائی کے شدید بحران کا شکار رہا ہے، توانائی کی ضروریات پوری ہونے تک معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی بڑھانے کےلئے ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنا ہوگا۔