مانچسٹر میں ورلڈ کپ کا اہم میچ عزت بے عزتی مرمٹنے اور پاکستان کے وجود کے اذلی دشمن بھارت سے تھا۔ یہ ورلڈ کپ کرکٹ میچ نہیں بلکہ موجودہ حالات میں کھلی جنگ تھی اور خداوند کریم نے ٹاس جیتنے کی صورت میں پاکستان کو ایسا موقع فراہم کیا جو عیاشوں نے کم عقلی سے گنوا دیا۔ پوری دنیائے کرکٹ کو معلوم کہ پاکستان انڈر پریشر بیٹنگ نہیں کر سکتا خاص کر اہم میچوں میں اسی لئے 1992ء کے ورلڈ کپ میں عمران خان نے خود پہلے بیٹنگ کرکے فائنل جیت لیا تھا۔ وہ اسی لئے کہ رہے تھے کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرو مگر عقل کے اندھے خود تو بدنام پہلے ہی تھے پوری قوم کو بھی بدنام اور رسوا کر دیا اور عیاشیوں میں لگے رہے۔ پاکستان نے ابھی تک اس ورلڈ کپ میں ایک ہی میچ انگلینڈ سے جیتا ہے کیونکہ انگلینڈ کے خلاف پہلے کھیل کر پاکستان بڑا سکور کر گیا پھر پاکستان نے لولے لنگڑے باؤلر بھی انگلینڈ جیسی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ میں ہرا گئے۔ پاکستان ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دیکر ہی یہ میچ ہار گیا تھا کیونکہ پاکستان رن چیز میں کمزور ہی نہیں صفر ہے۔ پاکستان نے دنیائے کرکٹ میں جو چند کامیابیاں یعنی ورلڈ کپ چیمپئنز ٹرافی وغیرہ وغیرہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم سکور پر سکور نہیں کر سکتی اور پھر انگلینڈ کی ان سپربیٹنگ وکٹوں پر جہاں پہلے بیٹنگ کرتے کسی بھی ٹیم کا 300 رنز سے کم سکور ہی نہیں بن رہا۔ جو ٹیم پہلے بیٹنگ کرکے 300 رنز بنا گئی وہ ان ڈیڈ وکٹوں پر آدھا میچ جیت چکی ہوتی ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی آوارگی کی جو فلمیں فوٹو گراف حقہ پینے کے واقعات تمام رات میچ سے پہلے ہلا گلا کرنے کی خبریںوہ نا صرف قابل مذمت بلکہ قابل گرفت بھی ہیں۔ ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ میں کس نے فیملیز کو ساتھ رہنے کی اجازت دی۔ آدھی سے زیادہ ہماری ٹیم جوان اور شادی شدہ ہے اور ماشاء اللہ انکے چھوٹے چھوٹے بچوں کی کھیپ تیار ہے جن کو میچوں کے ساتھ سنبھالنا کرکٹ کے ساتھ ناقابل برداشت واقعہ ہے۔ پورے پاکستان نے میچ کے دوران کپتان سرفراز کو جمایاں لیتے دیکھا یہی حال پوری ٹیم کا تھا پوری قوم ان لفنگوں کیلئے ساری ساری رات عبادت کرتی رہی۔ یہ بچے کھلاتے بیویوں کے پاؤں دباتے اور منفی سرگرمیوں میں ملوث دیکھے گئے۔ مجھے بھی کافی فون آئے کہ آپ ٹیم کی سلیکشن پر انضمام الحق کے ہاتھ چومنے کا تبصرہ کر رہے تھے کہ انہوں نے مضبوط ٹیم ورلڈ کپ کیلئے سلیکٹ کی ہے اور مجھے بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا ۔میں پھر لکھتا ہوں کہ پورے پاکستان سے ایک لڑکے کا نام بتا دیں جو ٹیم میں ہونا چاہئے تھا اور سلیکٹ نہیں کیا گیا میں معافی مانگ لونگا آپ آج بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کریں بھارت آپ کو شکست نہیں دے سکتا ۔یہ ورلڈ کپ ابھی تک اس پیٹرن پر چل رہا ہے جو ٹاس جیتے وہ آدھا میچ کھیلنے سے پہلے جیت جاتا ہے۔ پورا پاکستان بھارت سے شکست پر سیخ پا ہے۔ اور پاکستانی ٹیم کی حرکتوں کے قصے بہت مدت تک سنے جائیں گے‘ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سلسلے میں تیار رہنا چاہئے ۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024