قربان فاطمہ نے کھلی بغاوت کی‘شوکاز دیکر پارٹی سے نکالا جائے: نبیلہ بٹ
ملتان (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف شعبہ خواتین ملتان کی ضلعی صدر نبیلہ بٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملتان شہر شعبہ خواتین کی صدر قربان فاطمہ نے قیادت کے فیصلے کے خلاف اعلان بغاوت کیا ہے اور دھرنے دینے کے علاوہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے جو پارٹی سے کھلی بغاوت ہے پارٹی قیادت خصوصاً عمران خان اورمخدوم شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ قربان فاطمہ کے خلاف پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیں اور انہیں شوکاز نوٹس دیکر پارٹی سے نکالا جائے کیونکہ پارٹی پر صرف قربان فاطمہ کا حق نہیں ہے ہم کارکنوںکا بھی حق ہے اگر ہر سیٹ پر وہی امیدوار ہوں گی تو باقی کارکن کیا کریں گی ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر خواتین رہنما نورین کنول نسیم اختر حمیرا بی بی بھی موجود تھیں نبیلہ بٹ نے مزید کہا کہ ہم اس بات کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ عمران خان نے خواتین کی مخصوص نشستوں کا ازسرنو جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے لیکن ہم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مفاد پرست خواتین کو مخصوص نشستوں کی فہرست میں شامل نہ کریں اور صرف ان خواتین کو آگے آنے کا موقع دیا جائے جو پارٹی سے مخلص ہوں اور وفاداریاں تبدیل نہ کریں۔