عوام سے دوری اختیار کرنیوالے الیکشن کے موقع پر پریشان ہیں: سکندربوسن
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) یونین کونسل86 جنگل کلرانوالہ کے چیئرمین ملک حمیداحمد اوبھایا کی طرف سے دی گئی عیدملن پارٹی کے موقع پر سابق وفاقی وزیر حاجی سکندر حیات بوسن نے معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے دوری اختیار کرنے والے آج الیکشن کے موقع پر پریشان حال ہیں جبکہ میرا ماضی گواہ ہے کہ میری اولین ترجیح علاقہ کی عوام کی خدمت اور حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانا مقصود تھا آج آپ کو حلقہ میں ترقیاتی کام دکھائی دے رہے ہیں اس میں میری دن رات کی محنت اور میری ٹیم کی کاوشوں کے نتیجہ میں ممکن ہو پایا سابق ایم پی اے شوکت بوسن کی انتھک محنت بھی شامل حال رہی ہیں۔ موجودہ الیکشن میں آج ایک بار پھر عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ عوام سے جھوٹا وعدہ اور سبزباغ دکھانے والوں کے جھانسہ میں آ کر حلقہ میں مایوسی کو جنم دیتے ہیں یا پھر اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کرتے ہیں۔ حلقہ کی عوام شعوری طور پر ماضی کی روایات کو پھر سے زندہ رکھے گی اور سبزباغ دکھانے والوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ اس موقع پر یوسی86 چیئرمین مہر سجاداحمد ہراج‘ ملک مریداحمد اوبھایا نے بھی خطاب کیا۔