مظفر گڑھ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی مضر صحت گوشت، ناقص مٹھائی تلف
مظفرگڑھ(نامہ نگار)ڈی جی نورالامین مینگل کی قیادت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف فوڈپوائنٹس،بیکریز اور کینٹینوں میں کاروائی کرتے ہوئے مضرصحت گوشت اور ناقص مٹھائی تلف کردی۔تفصیلات کیمطابق مظفرگڑھ میں ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں جاری ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی قیادت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملتان روڈ، قنوان چوک اور جھنگ موڑ پر کاروائی کی،اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنزسائوتھ شہزادمگسی بھی انکے ساتھ موجود تھے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کیمطابق ملتان روڈ پر معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ اور معروف بیکری کوصفائی کے ناقص انتظامات پروارننگ نوٹس جاری کیاگیا جبکہ 35 کلوگرام مضرصحت چکن اور 5 کلوگرام ناقص مٹھائی اور مصالحہ جات موقع پر تلف کر دئیے گئے۔فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کیمطابق شہر میں قائم معروف ہسپتال کی کینٹین کا بھی معائنہ کیا گیا اور بہترین انتظامات پر 10ہزار روپے انعام دیاگیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کیمطابق فوڈ ورکرز کی تربیت کے لیے مظفرگڑھ میں ٹریننگ سکول قائم کردیاگیا ہے۔ٹریننگ سکول سے تربیت حاصل کرنے کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔