والدین کی بچوں سے علیحدگی: نیویارک سمیت امریکہ بھر میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے
واشنگٹن(آن لائن‘ اے ایف پی) تارکین وطن کے بچوں کو الگ کرنے پر صدر ٹرمپ کو شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ نیویارک سمیت امریکہ بھر میں شہری سڑکوں پر آگئے۔ میکسیکو نے تارکین وطن سے متعلق امریکی رویے کو غیر انسانی قرار دے دیا۔صدر ٹرمپ کے تارکین وطن کو داخلے سے روکنے کیخلاف نیویارک، سیاٹل سمیت امریکہ بھرمیں احتجاج شروع ہو گیا۔ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے سینکڑوں شہری تارکین وطن اوران کے بچوں کو الگ رکھنے کے خلاف سڑکوں پرآگئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل کے دورے کے دوران عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ایک شہری نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے بچوں کا احساس دلانے کی کوشش کی۔دوسری جانب میکسیکو نے تارکین وطن کو بچوں سے الگ رکھنے کے عمل کو غیرانسانی قرار دیا ہے۔ یاد رہے صدر ٹرمپ کے حکم پر تارکین وطن کے 2 ہزار بچوں کو اپنے والدین سے علیحدہ ایک مرکز میں ٹھہرنے پرمجبور کردیا گیا ہے۔