وھیل کی موت
گزشتہ ماہ تھائی لینڈ کے ساحل پر ایک وھیل کو انتہائی اذیت کی حالت میں دیکھا گیا وہ پانی سے نکل کر خشکی پر شاید اس لئے آئی تھی کہ اس کی جان بچ جائے۔ مگر ساحل پر پہنچتے ہی اس نے قے کی اور پانچ عدد پلاسٹک بیگ اُگل دئیے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اذیت ناک موت سے دوچار ہو گئی۔ تین رکنی ماہرین نے پوسٹ مارٹم کیا تو اس کے معدے سے آٹھ کلو وزنی لفافے اور پلاسٹک کی دیگر چھوٹی موٹی اشیا برآمد ہوئیں۔ ٹیم کے سربراہ نے کہا تھا کہ یہ حادثہ تو ہماری آنکھوں کے سامنے ہوا ہے، سمندر کے اندر نہ جانے اس قسم کے سانحات ہر روز کتنے ہوتے ہونگے۔ موصوف نے نہایت کرب سے کہا تھا، مجھے لگتا ہے کہ اس خوبصورت مخلوق کا قاتل میں خود ہوں۔ نوع انسان جب اپنی بقا کے لئے اتنا کچھ کرتی ہے تو اپنی پارٹنر مخلوق کے تحفظ کے لئے پلاسٹک لفافوں پر پابندی جیسا معمولی اقدام بھی نہیں کر سکتی؟