چیمپئن کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں استقبالیہ دینے کا اعلان
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)سینیٹ کمیٹی نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی لے کر وطن واپس لوٹنے والی قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار استقبالیہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے یہ استقبالیہ پارلیمنٹ میں دینے کی سفارش کردی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس مشاہد اللہ خان کی صدارت میں ہوا جہاں سینیٹ ارکان نے قومی کرکٹ ٹیم کی جیت پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔کمیٹی کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ میں مدعو کیا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کو سینیٹ گیلری میں بھی شرکت کی دعوت دی جائی گی۔اجلاس کے دوران کرکٹ کے میگا ایونٹ میں پاکستان کے کم بیک پر بات کرتے ہوئے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے سخت پریشان تھے۔انہوں نے بتایا کہ 'آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کرکٹ کے بہت شوقین ہیں، انہوں نے بھی پاکستان کی شکست کی وجہ پوچھی اور کہا کہ آپ تھوڑی سختی کیوں نہیں کرتے'۔ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد کے لیے آرمی چیف کو کہا گیا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائیں، جس کے بعد آرمی چیف نے ا±سی روز شہباز شریف کو فون کرنے کی حامی بھری اور پھر آرمی چیف کا بیان بھی سامنے آیا۔قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مشاہد اللہ خان نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپیئن بننے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیم نے عید سے پہلے قوم کو عظیم تحفہ دیا ہے، قوم طویل عرصے سے ٹیم سے اس فتح کی امید لگائے بیٹھی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'تمام کھلاڑیوں نے بہترین کاکردگی دکھائی، جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی خطرناک ٹیم تسلیم کرلیا گیا ہے'۔اس موقع پر ریاض پیرزادہ نے کہا کہ 'کھیل میں جیت ہار ہوتی رہتی ہے، تاہم ٹیم پر ادھار تھا کہ وہ بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کریں'۔فاسٹ باو¿لر محمد عامر کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'عامر کی باو¿لنگ نے کمال کردیا اور وسیم اکرم کی انگلینڈ فائنل میں جیت کی یاد دلا دی'۔ساتھ ہی کامیابی کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریار خان نے ہی سرفراز کو کپتان بنانے کا کہا تھا۔ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی ٹیم نے بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، 1992 کے ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی تو تھی لیکن بھارت سے جیتنا بہت بڑی خوشی کی بات ہے'۔یاد رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کی نوجوان کرکٹ ٹیم نے 18 جون کو اوول کرکٹ گراو¿نڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں روایتی حریف بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر نہ صرف ٹرافی بلکہ پوری قوم کے دل بھی جیت لیے۔