سعودی حکومت نے ہرآزمائش پاکستان کا ساتھ دیا،سردار مہتاب احمدخان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) رابطہ عالم اسلامی اور انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کی طرف سے مقامی ہوٹل میں سالانہ افطار ڈنرکا اہتمام کیا گیا جس مےں وزیر اعظم کے مشیر برائے ہواابازی و چیئرمین پی آئی اے سردار مہتاب احمدخان ،معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصراور ریجنل ڈائریکٹر آئی آئی آر اوڈاکٹر عبدہ محمد عتین نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں چیئرمین علماءبورڈ مولانا طاہر اشرفی ، بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبدالخیر آزاد ،یمن کے سفیر احمد قائد احمد العدینی ،انٹرنیشنلسلامک یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی ،مفتی عبدالمعید اسعد لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ )، سید عتیق الرحمن شاہ کشمیری ،مولانا عبدالظاہرفاروقی، علامہ زبیر احمد ظہیر ، یاسین ظفر و دیگر نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب احمد نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی اور آئی آئی آر او نے ہمیشہ مسلم اُمہ کی خدمت کا فریضہ اداکیا ہے ، سعودی حکومت نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،پاکستان کی افواج اور یہاں کے عوام سعودی عرب کی مقدس سرزمین کی حفاظت کےلئے سعودی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹرآئی آئی آر او ڈاکٹر عبدہ محمد عتین نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین مثالی دوستانہ تعلقات ہیں ،جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ وسعت پا رہے ہیں۔ اسلام کی ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ یتیموں اور ناداروں کی سرپرستی ہماری تنظیم کا بنیادی مشن ہے جس کی تکمیل کےلئے ہم دن رات کوشاں ہےں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سعودی حکمران حقیقی معنوں میں پاکستان کے عوام سے محبت رکھتے ہیں ، ان کی اس محبت کا موزانہ کسی دوسرے ملک سے نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی اور آئی آئی آر او کااپنا تشخص ہے اور اُمہ کےلئے اس کا تاریخی اور مثالی کردارلائق ستائش ہے ، مقررین نے کہا کہ پاک سعودیہ تعلقات انتہائی مستحکم اور مضبوط ہیں ، ان میں کوئی دراڑیں نہیں ڈال سکتا ۔ خادم الحرمین الشریفین کی پاکستان کے عوام سے محبت روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔