مٹھی بھر دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے‘ نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پیر کے روز بلوچستان کے ساحلی قصبہ جیونی میں دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کاروائی کے نتیجے میں جام ِ شہادت نوش کرنے والے پا ک بحریہ کے دو اہلکاروں سید حسن رضا (میڈیکل ٹیکنیشن) اور خلیل مراد (لیڈنگ فائر مین) کی نماز جنازہ بدھ کے روز پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس شفاءمیں اد ا کردی گئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے اہلکاروں پرشر پسندوں کے اس حملے کی شدید مذمت کی اور غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ نیول چیف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔ ایڈمرل ذکاءاللہ نے مزید کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے شہداءکی یہ عظیم قربانیاں گرانقدر اور لائق ِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گر وطن عزیزکو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہے۔ نیول چیف نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید اہلکاروں کو اپنے جوار ِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق عطا کرے۔ انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے پی این ایس شفاءمیں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور شہداءاور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ نماز ِ جنازہ میں پاک بحریہ اور دیگر مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں سمیت شہداءکے لواحقین، احباب اور عوام الناس کی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔