چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی نے ثابت کر دیا پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں: جان شیر خان
اسلام آباد( آن لائن ) سابق عالمی چیمپئن سکواش جان شیر خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں اور اس فتح سے کھلاڑیوں نے پور ی قوم کے دل جیت لئے ہیں، انشاءاللہ ٹیم مستقبل میں بھی ایسی ہی کامیابیاں حاصل کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس جیت سے پوری قوم کے چہرے خوشیوں سے چمک رہے ہیں جب پاکستان کی ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا یا تو اس سے انداز ہ ہوگیا تھا کہ ٹیم فائنل میں بھارت کو ہرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور پاکستان ٹیم جیت کی حق دار تھی۔ سرفراز احمد نے بہترین کپتانی کی برقت فیلڈنگ اور باﺅلنگ میں تبدیلی کی۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، قومی ٹیم کی جیت پر کھلاڑی ، ٹیم مینجمنٹ اورپوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے اور قومی کرکٹ ٹیم پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے روایتی حریف بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دے کر پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔فخر زمان، اظہر علی اور محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرکے پاکستان کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔جان شیر خان نے کہا کہ قومی کھلاڑی قوم کی توقعات پر پورا اترے ہیں اور پاکستان کی جیت 20 کروڑ عوام کی تاریخی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے محنت، جذبے اور عزم کے ساتھ روایتی حریف بھارت کو ہرا کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔