فیروز والا منڈی فیض آباد ٹرک اورٹرالی کی زد میں آکر خاتون 2 بچوں سمیت 6 جاں بحق 2 زخمی
فیروز والا،منڈی فیض آباد(نامہ نگاران) جی ٹی روڈ کی آبادی مین بازار (مریدکے) میں تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار تین دوستوں کو روند ڈالا، تینوں دوست ہلاک ہو گئے۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مریدکے ورکشاپ کا مالک اپنے دوستوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہو کر پوا کالونی سے واپس مریدکے پہنچے تو شاہدرہ سے گوجرانوالہ جانے والے ٹرک نے تینوں افراد کو روند ڈالا جو شدید زخمی ہو گئے جس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر تینوں دوست طارق علی، ارشد اور منظور ہلاک ہو گئے ۔ مریدکے پولیس نے واقع کی رپورٹ درج کر لی۔ ہلاک ہونے والے کا تعلق مریدکے کی آبادی حدوکے، مریدکے اور جی ٹی روڈ کی آبادی کنال پارک سے تھا۔منڈی فیض آباد سے نامہ نگار کے مطابق منڈی فیض آباد کے قریب ٹریفک کے حادثے میں خاتون دو کمسن بچے موقع پر جاں بحق ایک عورت اور ایک مرد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کردیا گیا۔ موضع چاچکے گل سے بھائی خاں نامی شخص اپنی فیملی کے ساتھ چنگ چی رکشہ پر فیض آباد ا ٓرہا تھا کہ راستے میں شفیع رائس ملز کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹرالے کے نیچے دب گیا جس سے چار سالہ ماہ نور تین سالہ عزیر اور حمیدہ بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ بھائی خاں اور نازیہ بی بی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر جنرل ہسپتال لاہور بھجوا دیا گیا۔