وزیراعظم کے مشیروں کی تعیناتی کیخلاف درخواست، کام اور مراعات کی رپورٹ طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہورہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے مشیروں کی تعیناتیوں کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے تفصیلی اور جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت مانگا جس پر چیف جسٹس نے سرکاری وکیل کو مہلت دے دی۔ درخواست گزار کے اعتراض اٹھایا مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو وزیر خارجہ کے اختیارات نہیں دیئے جا سکتے۔ درخواستگزار نے الزام لگایا کہ مشیر ہوابازی مہتاب عباسی اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔ درخواستگزار نے دعوی کیا کہ مشیروں اور معاونین خصوصی وفاقی وزیر کے اختیارات استعمال کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے واضح کیا وزیر اعظم کے مشیروں کو وفاقی وزرا کے اختیارات نہیں ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ عدالت جاننا چاہتی ہے کہ مشیر اور وزیر کی ذمہ داریاں کیا ہیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ جائزہ لینگے کہ مشیر کہیں وزیروں کے اختیارات تو استعمال نہیں کر رہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر وزرا اور مشیروں کے کام کے علاوہ مراعات کی رپورٹ بھی مانگ لی۔ درخواست پر آئندہ سماعت 10 اگست کو ہوگی۔