افغا نستان: سب سے بڑے امریکی بیس بگرام کے قریب فائرنگ‘ 8 محافظ قتل‘ 2 زخمی
کابل ( نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں)افغانستان میں امریکہ کے سب سے بڑے بگرام ایئربیس کے قریب فائرنگ سے 8 افغان سکیورٹی گارڈ ہلاک‘2زخمی ہوگئے۔ شمالی صوبہ پروان میں مسلح افراد نے بگرام ایئربیس پر ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ صبح فرائض کی انجام دہی کے لئے آرہے تھے۔ صوبائی گورنر کی ترجمان واحدہ شاکر کے مطابق 10 سکیورٹی گارڈ معمول کے مطابق بگرام ایئربیس پر ڈیوٹی دینے جارہے تھے جنہیں بیس سے ایک کلو میٹر دور شاہ کاہ گاؤں میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترجمان گورنر کا کہنا تھا فائرنگ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ مری پُل میں طالبان کے حملے میں 4 فوجی ہلاک گئے۔ طالبان نے فوجیوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ چوکی سے نکل کر بالگالی کے علاقے سے پانی لینے جا رہے تھے۔گورنر کا کہنا ہے کہ فوجیوں کی گاڑی ہتھیا کر فرار ہو نے والے طالبان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ادھر جلال آباد میں بم دھماکے کے نتیجے میں جج ہلاک جب کہ 3افرا دزخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے جج کو نشانہ بنانے کیلئے بم دھماکا کیا۔دھماکا بہت زوردار تھا جس سے گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ننگرہار کے گورنر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تورا بورا کے علاقے کو مکمل طور پر داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔ قندھار لشکر گاہ شاہراہ پر دھماکے میں 6 افغان پولیس اہلکار مارے گئے۔