اوپنر فخر زمان نے اپنی کامیابی کو نیوی کوچ کے نام کر دیا
مردان( این این آئی) چیمئپنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اپنی کامیابی کو نیوی کوچ کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنا قوم کے لئے عید کا تحفہ ہے ،اس سے بڑا تحفہ نہیں ہو سکتا۔ کرکٹرفخرزمان کے مردان میں اپنے آبائی علاقے کاٹلنگ پہنچنے پراہل علاقہ اور اہل خانہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیںا ور شائقین بھنگڑے ڈالتے رہے ۔ اپنی رہائش پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کوچ اور کپتان نے کہا تھا کہ ہرمیچ فائنل سمجھ کر کھیلنا ہے۔ بھارت کے کھلاڑیوں نے کھیل میں اچھی اسپرٹ دکھائی ۔انہوں نے کہا کہ ہر میچ سے قبل والدین سے دعائیں لیتا ہوں ،میری کارکردگی میں فیملی کا بڑا ہاتھ ہے۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ میچ جیتنے کا کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ کوجاتا ہے لیکن اپنی کارکردگی کو پاک بحریہ کے کوچ کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے پاک بحریہ کی وردی میں ان کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا۔قومی ٹیم کے ہیرو نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح قوم کے لئے عید کا تحفہ ہے، ٹیم کی کامیابی سے قوم کے چہروں پر خوشی دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ۔ جبکہ وطن واپس آنے پر میری سوچ سے بھی زیادہ والہانہ استقبال کیا گیا۔فخرزمان نے کہا کہ ان کے والد نے کہا تھا کہ زیادہ اونچے شاٹس مت لگانا اور ان کے اس مشورے پر عمل کرکے سرخرو ہوا، موقع ملا تو انشا اللہ آئندہ بھی اچھی پرفارمنس دوں گا ، بھارت کے خلاف سب کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ میچ ہم نے انوکھے اندازمیں کھلینا ہے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں کا میچ کے دوران رویہ بہتررہا۔اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فخر زمان منگل کی صبح پشاور کے باچا خان ائیر پورٹ پہنچے جہاں پہلے سے بڑی تعداد میں لوگ ان کا استقبال کرنے کے لئے جمع تھے۔اس موقع پر فخر زمان کے والد ، بھائی اور دیگر رشتہ دار بھی موجود تھے۔ فخر زمان سخت سکیورٹی میں ائیر پورٹ سے باہر آئے تو کرکٹ شائقین نے انہیں گھیر لیا۔پولیس اہلکاروں نے انہیں بڑی مشکل سے گاڑی میں بٹھا کر مرادان روانہ کیا۔ سکیورٹی کی وجہ سے ان کے سینکڑوں چاہنے والوں کو ائیر پورٹ گیٹ سے باہر روک دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ فخر زمان چیمپئنز ٹرافی کے 4میچوں میں دو نصف اور ایک سنچری اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔