عامر پہلی بار 26 جون سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)محمد عامر نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے روہیت شرما، ویراٹ کوہلی اور شیکھر دھون کی وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کے خلاف شاندار بولنگ کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر 26 جون سے اپنے کاؤنٹی کریئر کا آغاز کرنے والے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ محمد عامر انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔خیال رہے کہ ایسیکس کاؤنٹی نے گذشتہ سال نومبر میں محمد عامر سے فرسٹ کلاس کرکٹ اور ٹی 20 میچز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔محمد عامر چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام پر ایسیکس کاؤنٹی پہنچ چکے ہیں اور 26 جون سے مڈل سیکس کے خلاف ہونے والا فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔پاکستانی فاسٹ بو 2010 میں بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے قریب تھے لیکن سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے نتیجے میں ان پر پانچ سالہ پابندی عائد کردی گئی تھی اور لندن کی ایک عدالت نے انھیں چھ ماہ کی سزا بھی سنائی تھی۔محمد عامر گذشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے ہیں اور تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پاکستان ہی کے فاسٹ بولر جنید خان بھی اس کاؤنٹی سیزن میں لنکا شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔