چھٹا کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ ‘ کے الیکٹرک سیمی فائنل میں
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) چھٹا کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2017کے گروپ ’اے‘ میں انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب نیشنل بینک، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس نے 2,2کامیابیوں اور ایک ایک شکست کے بعد 4,4پوائنٹس کے ساتھ ہم پلہ تھیں تاہم بہتر اوسط پر کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرگئیں۔ڈی ایچ اے اسٹیڈیم میں گروپ ’اے‘ کے آخری میچ میں کے الیکٹرک نے اسٹیٹ بینک کو 35رنز سے شکست دی۔ کے الیکٹرک نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 154رنز اسکور کئے۔احمد بٹ نے 19گیندوں پر 37رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکور رہے۔ انہوں نے دوران اننگز 2چھکے اور 2چوکے لگائے۔ پہلی وکٹ پر صاحبزادہ فرحان اور عثمان خان نے 48رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ صابنزادہ فرحان نے 34رنز میں 5چوکے اور ایک چھکا جبکہ عثمان خان نے 26رنز کی باری میں 2چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔رمیز عزیز33رنز پر ناقابل شکست رہے انہوں نے ایک چھکا لگایا۔اشرف ا ؤ نے 19رنز اور اسد رضا نے 32رنز پر 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ارسل شیخ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔اسٹیٹ بینک کی جوابی اننگز مقررہ اوورز میں 7وکٹوں پر 119رنز پر محدود ہوگئی۔ اوپنر فرخ شہزاد نے 30رنز کی عمدہ اننگز میں 4چوکے رسید کئے۔ اسرار اﷲ نے 27رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔عمیر مسعود نے ناقابل شکست 18رنز میں 2چوکے اورایک چھکا ،احسان بھٹی نے 12رنز میں ایک چوکا لگایا۔ فراز احمد نے 28رنز پر 4کھلاڑیوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا۔عاشق علی کے 22رنز پر 2وکٹ ملے۔ احمد بٹ نے 24رنز پر ایک وکٹ ملی۔