خوشحال پاکستان کیلئے احتساب کا عمل ناگزیر ہے: پی ٹی آئی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے رہنما چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کے خلاف سازشیں کرنیوالے ناکام ہوں گے‘ احتساب کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے عوام کے احتجاج کا سامنا نہیں کر سکیں گے ۔ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات دراصل عمران خان کی کرپشن کیخلاف مہم میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ سید صمصام علی بخاری نے کہاکہ کرپشن کی تحقیقات ہونے پر وزیراعظم کے درباریوں کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہے۔ اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مزدور طبقہ کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے مزدور‘ کسان‘ سمیت دیگر طبقے اپنا حق لینے کیلئے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ فرخ جاوید مون نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی صفر جمع صفر ہے اور وزیراعلی پنجاب کو ناکام منصوبوں اور کمشن کے ریکارڈ توڑنے پر ایوارڈ ملنا چاہئے کیونکہ صوبہ میں ہر طرف کرپشن اور کمشن کا راج ہے۔