کراچی: ٹریفک حادثات میں 3 افراد ہلاک بچے سمیت 2 افرادکی نعشیں برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ نیو کراچی سے بچے کی تشدد زدہ نعش اور جمشید کوارٹرز میں مکان سے 26 سالہ شخص کی گلا کٹی نعش ملی ہے ۔ دوسری جانب جمشید کوارٹرز پولیس نے 4 سٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقوں بھینس کالونی ، کورنگی صنعتی ایریا اور پورٹ قاسم کے قریب تین مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تینوں مرنے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ ادھر نیو کراچی لالی گوٹھ سے 3 سالہ بچے احسن کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق بچے کوزہر دے کر مارا گیا ہے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ کراچی کے علاقہ جمشید کوارٹرز کے ایک مکان سے 26 سالہ طارق نامی شخص کی گلا کٹی نعش ملی ہے ۔ پولیس کے مطابق مقتول کو تیز دھار آلہ سے قتل کیا گیا پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب جمشید کوارٹرز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ماجد، سہیل، تصدق عباس اور پرویز کو گرفتار کر کے اسلحہ، منشیات، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ گرفتار ملزمان سٹریٹ کریمنلز ہیں اور اس سے قبل جیل بھی جا چکے ہیں۔