سی پیک کو سمندر کے راستے بھارت سے جوڑا جائے گا: ہندوستان ٹائمز کا دعوی
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا اور یورپ کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت لانے کیلئے سی پیک کو سمندری راستے کے ذریعے بھارت، بنگلہ دیش اور میانمار سے جوڑا جائے گا۔ ہندوستان ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت جنوبی چین سمندر کو بحیرہ ہند سے جوڑا جائے گا۔ چینی نیوز ایجنسی ’’ژینوا‘‘ نے سرکاری دستاویز کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمشن نے جاری کی ہے۔ یاد رہے سی پیک آزاد کشمیر سے گزرتا ہے اور بھارت اس منصوبے پر ہمیشہ اعتراض کرتا رہا ہے اسی وجہ سے بھارت نے گزشتہ ماہ چین میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا بائیکاٹ کیا تھا۔