جے آئی ٹی سے ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘نثار کھوڑو
حیدرآباد (نامہ نگار) سینئر صوبائی وزیر خوراک نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پانامہ کے معاملے پربنائی گئی جے آئی ٹی کی وجہ سے ن لیگ کی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور جے آئی ٹی میں ن لیگ کی لیڈر شپ کی پیشیوں کی وجہ سے ان کے وزراءتلملارہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی وجہ سے نوازشریف کے بیٹے کو کرسی پر بیٹھا دیکھ کر ن لیگ والوں کو برا لگ رہا ہے جبکہ حقیقی عوامی لیڈرشہید محتر مہ بینظیر بھٹو پتھروں پر بیٹھ کر بھی عدالتی سما عت کا انتظار کیا کرتی تھی۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو پانامہ کے معاملے سے نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا اس لئے وہ اور ان کے وزراءحواس باختہ ہیں اس لئے وہ اپنی مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف فضول بیانات دے رہے ہیں وہ آج پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی کی ر ہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔سینئر صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے واقعے کے اصل ملزم پرویز مشرف کو ن لیگ کی حکومت نے ای سی ایل میں ان کا نام ہونے کے باوجود کیسے ملک سے باہر جانے دیا ۔ انھوں نے کہا کہ مشرف کو باہر جانے دینا بھی ایک طرح کا این آر او ہی تھا ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ حکومت سندھ نے 12 لاکھ ٹن گندم خریدنے کاہدف مقرر کیا تھا مگر چونکہ اس سال گندم کی بمپر پیداوار ہوئی ہے اس لئے خریداری کا ہدف 14 لاکھ ٹن گندم کردیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ سندھ میںتقریبا 60لاکھ ٹن گندم پیدا ہوتی ہے جس میں سے چند وجوہات کی وجہ سے 20فیصد گندم حکومت کی طرف سے خریدی جاتی ہے۔انھوں نے بتایا کہ پچھلے سال 3 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور اب 5لاکھ ٹن تک گندم بر آمد کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ تھر پارکر کو قحط زدہ علاقہ قرار نہیں دیا گیا پھر بھی حکومت سندھ 24 جون سے تھر کے 2 لاکھ 76ہزار خاندانوں کو 100کلو گندم فی خاندان تقسیم کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سندھ میں 7 لاکھ ٹن گندم ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے جسے بڑھانے کے لئے حکومت کوششیں کر رہی ہے ۔ اس موقع پر ایم این اے امیر علی شاہ جاموٹ ،پی پی پی حیدرآباد ڈو یژن کے صدر علی نواز شاہ رضوی ، وقار مہدی ،راشد ربانی،پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی ، فیاض لغاری ،آفتاب خانزادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
نثار کھوڑو