ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں‘ ممتاز بھٹو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی خان بھٹو نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کی ایسی صورتحال بنی ہوئی ہے جو حکومتیں اور اسمبلیاں عوام کے کندھوں پر بڑا بوجھ بنی ہوئی ہیں جس پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ حکومتیں اور اسمبلیاں اگر نہ ہوتیں تو عوام سکھ کا سانس لیتے حال ہی میں سپریم کورٹ نے اس قسم کا بیان دیا ہے جس کی زیادہ تصدیق نہیں ہو سکتی اور اس سے ظاہر ہو چکا ہے کہ ملک میں حکمرانی نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ میں پیشیاں بھگت رہی ہے اور اپنے کرتوتوں کو چھپانے کےلئے ہر قسم کی ہیرا پھیری میں مصروف ہے جبکہ حکومت سندھ بھی عدالتوں میں پیشیاں کاٹنے یا پھر ملک چھوڑ کر بھاگنے میں مصروف ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں لاڑکانہ کی حالت گذشتہ 9 سالوں سے حیران کن بنی ہوئی ہے جہاں زرداری بھٹوﺅں کے گھروں میں بیٹھ کر پورے ضلع کی ہڈیاں بھی ہضم کرگئے ہیں اور لاڑکانہ کی انتظامیہ زرداریوں کی خانگی ملازم بنی ہوئی ہے‘ مطلب کے سندھ میں حکمران، چور اور رشوت خور زرداری دور میں ایک ہوگئے ہیں صرف عوام بے یار مددگار ہے۔
ممتاز بھٹو