شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ‘ دہشت گرد عزم کمزور نہیں کرسکتے: نیول چیف
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جیونی میں دہشت گردی کے نتیجے میں جام ِ شہادت نوش کرنے والے پا ک بحریہ کے دو اہلکاروںسید حسن رضااور خلیل مراد کی نماز جنازہ پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس شفاءمیں اد ا کردی گئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ نیول چیف نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے شہداءکی یہ عظیم قربانیاں گرانقدر اور لائق ِ تحسین ہیں۔ مٹھی بھر دہشت گر وطن عزیزکو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے پی این ایس شفاءمیں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور شہداءاور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔
نماز جنازہ