بے نظیر بھٹو مستحکم جمہوریت کی علمبردار خراج عقیدت پیش کیا جائے‘ زرداری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 64 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک جانب ان کے وژن، استقامت اور خواتین اور کچلے ہوئے طبقات کے حقوق کے لئے مسلسل جد و جہد اور دوسری جانب جمہوریت کا پرچم بلند رکھنے اور مختلف ڈکٹیٹروں اور ان کے مدد گاروں کی جانب سے پیدا کردہ اور فروغ دی گئی دہشتگردی کے خلاف جنگ کی قیادت کرنے پر انھیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیرِ اعظم کے یومِ پیدائش کے موقع پر یہ بات تشویش کا باعث ہے کہ ڈکٹیٹروں کاپیدا کردہ خواتین مخالف بریگیڈ مسلسل خواتین کو دبا رہا ہے اورخواتین کے خلاف تشدد کا مطالبہ کر رہا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین مخالف عناصر کی مذمت کرتی ہے اور ان کے اس مطالبے کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ انھوں نے عوام سے کہا کہ محترمہ بینظیر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان عسکریت پسندوں اور دہشت گردوں کے سامنے صف آراءہو جائیں اور انھیں طاقت کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنے کی اجازت نہ دیں۔ محترمہ بینظیر کے راولپنڈی میں اپنے خطاب میں آخری الفاظ یہی تھے کہ وہ دہشت گردی اور ڈکٹیٹرشپ کے مقابلے پر ڈٹ جائیں اور غربت اور جہالت کو ختم کر دیں کہ یہی پاکستان کو ایک جدید اور کثیرالجہتی ریاست بنانے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کا روڈ میپ ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پی پی پی عسکریت پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھے گی، جمہوریت کو مستحکم کرے گی اور ملک سے غربت اور جہالت کا خاتمہ کرے گی۔ انھوں نے جمہوریت کے لئے جد و جہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوںاور سختیاں جھیلنے والوں کو بھی خراجِ عقیدت اور خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کے موقع پر ہم ان سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سالگرہ کے موقع پر بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شہید رانی ہم میں نہیں مگر انکی ڈکٹیٹروں کے خلاف جدوجہد اورجمہوریت پسندی کی لازوال مثالیں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو شہید نے عوام کے دکھ سکھ کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دے کر امر ہوگئیں۔انکی سالگرہ پر ہم انھیں اب صرف الفاظ سے نھیں بلکہ انکے دیئے گئے درس پر عمل پیرا ہوکر پاکستان اور با لخصوص سندھ کے غریب عوام خصوصاََ خواتین کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے ٹھوس اورعملی اقدامات کررہے ہیں۔
زرداری