رمضان المبارک امن و برداشت کا درس دیتا ہے ‘ سعدیہ راشد
کراچی(نیوز رپورٹر)ہمدرد فاﺅنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں امن و برداشت اور باہمی اخوت کا درس دیتا ہے اور پاکستان کو امن و اتحاد اور بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے۔ ہم اس ماہ مبارک کی برکات کو سمیٹتے ہوئے وطن عزیز کے لیے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 27 ۔رمضان المبارک کی شب میں اپنے وطن عزیز کے استحکام، قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیلتہ القدر (شب قدر) کو عالم اسلام میں خصوصی اہمیت حاصل ہے اسی مبارک شب میں حضرت محمد صلی ا للہ علیہ و سلم پر قرآن پاک کی پہلی آیات نازل ہوئیں اور اسی مبارک دن یعنی 27 ۔رمضان المبارک 1366 ہجری بمطابق 14 ۔اگست1947 عیسوی کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔ اس حوالے سے پاکستانیوں کے لیے 27 رمضان کے شب و روز غیرمعمولی اہمیت کے حامل ہیں۔