نوازشریف دہشت گردی، ڈرون حملوں کیخلاف تمام سیاسی قوتوں کو متحد کرنا چاہتے ہیں: حمزہ شہباز

لاہور(خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ملک کی تمام سیاسی قوتوں کو دہشت گردی اور ڈرون حملوں کے خلاف متحد کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کا بحرانوں اور مشکلات کے خلاف آہنی عزم قوم کے لئے حوصلے اور امید کا پیغام بن گیا ہے۔ گزشتہ حکومتوں کے پیدا کردہ مسائل کا ملبہ صاف کرنے میں وقت ضرور لگے گا تاہم وزیراعظم نوازشریف کی نیک نیتی اور سیاسی تدبر بالآخر اللہ کے فضل سے ملک کی کشتی کو بھنور سے نکال لے جائے گا۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان اس وقت سنگین داخلی و خارجی مسائل میں الجھا ہوا ہے اور ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے یہ خطہ بین الاقوامی سازشوں کا نشانہ بن گیا ہے۔ مگر تمام تر مشکلات کے باوجود میاں نوازشریف نے نہایت تدبر‘ تحمل اور فراست سے ان تمام مسائل کے خاتمے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ وزیراعظم کا ساتھ دینے کے لئے ایک طرف نہایت تجربہ کار اور زیرک ٹیم ان کی کابینہ کا حصہ ہے تو دوسری طرف انہیں عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔