بھیرہ: بس ہوسٹس تنازعہ میں ایم پی اے نگہت شیخ، اقراءانکوائری افسر کے سامنے پیش
بھےرہ (نامہ نگار)وزیر اعلی کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے نگہت ناصر اور بس ہوسٹس اقراءبتول کے تنازع کی انکوائری کےلئے ایڈیشنل آئی جی پنجاب (ڈسپلن) ڈاکٹر رضوان موٹر وے سروس ایر یا بھےرہ آئے۔ ان کے ساتھ اے ایس پی عمارہ اطہر ،ڈی ایس پی مرزا انجم کمال، میاں خان اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے ایم پی اے اور بس ہوسٹس کے درمیان پانی دینے کے تنازع کی انکوائری کی اور فریقین کے بیانات قلمبند کئے۔ بس ہوسٹس موٹر وے پولیس کے کیمپ آفس میں سیٹرھیوں پر جبکہ ایم پی اے سروس ایریا بھیرہ کے ریسٹورنٹ سے اپنے وکیل کے ساتھ انکوائری آفیسر کے سامنے پیش ہوئیں۔ وزیراعلی سستی روٹی پروگرام کے سابق کو آرڈینیٹر راﺅ طاہر مشرف اور رحمت الہی وزیر لیگی ایم پی کی حمایت میں سر گرم رہے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے تحصیل صدر رانا امیر معاویہ کے مطابق بس ہوسٹس سے زیادتی ہوئی اور اس معاملہ میں مکمل انصاف ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہا تھانہ بھےرہ میں ایم پی اے کی ہٹ دھرمی نے معاملہ الجھا دیا۔ بلال ٹریول کے مالکان امجد کا کہنا ہے کہ ہمار اکسی کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ہم انصاف چاہتے ہیں۔ سروس ایر یا میں ٹریول کمپنی کے انچارج ارشد نے بیان میں کہا کہ جب میں موقع پر گیا اس وقت ایم پی اے بس ہوسٹس کو تھپڑ مار رہی تھی۔ انکوائری افسر نے گاڑی میں موجود سی سی ٹی وی کیمرہ اور مسافروں کے بیانات کی ریکارڈنگ طلب کر لی ہے۔