سیاسی جماعتوںکا سنگین ترین تحفظات کے باوجود الیکشن نتائج تسلیم کرنا باعت اطمینان ہے : صدر زرداری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ اس وقت آئی جب اقتدار کی جمہوری منتقلی ہوئی۔ محترمہ بے نظیر بھٹو دوراندیش لیڈر تھیں،صدر نے اپنے پیغام میں کہا ملک کی دو مرتبہ اور اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر ہمیں ان کے اصولوں بحالی جمہوریت کی جدوجہد، انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد کرنی ہے جس کے لیے محترمہ شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، صدر نے مزید کہا کہ محترمہ کی سالگرہ ان دنوں میں منا رہے ہیں جب ایک منتخب حکومت نے دوسری منتخب حکومت کو پرامن اقتدار کی منتقلی کی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ ملک کی سیاسی جماعتوں نے اپنے سخت ترین تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج کو تسلیم کیا ہے جس سے عوام کے خواب سچے ثابت ہوئے۔ محترمہ کی زندگی آمریت، انتہا پسندی، دہشت گردی کیخلاف جدوجہد تھی۔ محترمہ کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دینگے۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری آصفہ بھٹو کے ہمراہ گڑھی خدا بخش پہنچے۔ انہوں نے بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کے بعد پھولوں کی چادر چڑھائی۔ صدر آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر خون کا عطیہ دیا۔ صدر نے ذوالفقار علی بھٹو، مرتضیٰ، شاہنواز اور نصرت بھٹو کے مزارات پر بھی حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ اس موقع پر عوام کی بھیڑ کے باعث بینظیر کے مزار کو عام افراد کیلئے بند کر دیا گیا۔