پنجاب کی فلور ملز نے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 10 روپے بڑھا دی
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب کی فلور ملز نے گزشتہ روز 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے اسکی پرچون قیمت 720 روپے سے بڑھ کر 730 روپے ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ فلور ملز نے چند روز قبل آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 10 روپے کمی کی تھی تاہم مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کے بعد دوبارہ 10 روپے اضافہ کر دیا ہے۔ فلور ملز نے 84 کلو میدہ فائن کی بوری کی قیمت میں بھی 100 روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے اسکا ریٹ 3500 روپے سے بڑھ کر 3600 روپے ہو گیا ہے۔