پناہ گزینوں کا عالمی دن: پاکستان مہاجرین کو پناہ دینے والا سب سے بڑا ملک ہے
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دی، افغانستان میں سوویت یونین کی یلغار کی وجہ سے چالیس لاکھ مہاجرین نے پاکستان میں پناہ حاصل کی لیکن افغانستان میں حالات ٹھیک ہونے کے باوجود بھی آج تک لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں۔ دنیا بھر میں مہاجرین کے حوالے سے عالمی دن منایا گیا۔ آن لائن ، آئی این پی کے مطابق افغانستان پر سوویت یلغار کے بعد چالیس لاکھ مہاجرین نے پاکستان کا رخ کیا۔ 34 سال گزرنے کے باوجود آج بھی 16 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں جبکہ غیر رجسٹرڈ مہاجرین کی تعداد دس لاکھ ہے۔ پاکستان میں مقیم مہاجرین کے رجسٹریشن کارڈز کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ اے پی اے کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے ایک طرف تجارت اور کاروبار کا بڑا حصہ مہاجرین کے ہاتھ میں ہے تو دوسری طرف ان کی وجہ سے امن و امان کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی آمد کے ساتھ پاکستان میں کلاشنکوف کلچر متعارف ہوا۔ چرس، افیون اور ہیروئن کی سمگلنگ بھی عروج پر پہنچ گئی جس سے جرائم میں اضافہ ہوا اور امن و امان کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہو گئی۔