سلمان فاروقی کی بطور وفاقی محتسب تقرری کیس، عادل گیلانی نے جواب جمع کرا دیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سلمان فاروقی کی بطور وفاقی محتسب تقرری سے متعلق مقدمہ میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے عادل گیلانی نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کروا دیا۔ جواب کے مطابق سلمان فاروقی کا 28 فروری کو صدر کے سیکرٹری جنرل کے عہدہ چھوڑنے کا بیان غلط ہے انکا نام ایوان صدر کی ویب سائیٹ پر 13 جون تک درج تھا یکم مارچ تک وفاقی محتسب کی تقرریوں کا کوئی ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا گیا۔ سلمان فاروقی 14 مارچ اور 22 اپریل کی تقاریب میں بطور وفاقی محتسب پیش ہوئے جبکہ پی آئی ڈی اور ایوان صدر کے اعلامیوں میں انہیں قائم مقام وفاقی محتسب لکھا گیا۔ 25 مارچ کو امریکی وزیر خارجہ سے بطور صدر کے سیکرٹری جنرل ملاقات کی اور 22 مئی کو ایوان صدر میں چین کے وفد سے مذکرات میں بطور سیکرٹری جنرل پیش ہوئے۔ ایوان صدر نے انکی بطور وفاقی محتسب پریس ریلیز بھی جاری نہیں کی اور ابھی تک کسی نئے سیکرٹری جنرل کا نوٹفیکشن بھی جاری نہیں کیا گیا جواب میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا وفاقی محتسب کی تقرریوں سے متعلق بیان درست نہیں تھا۔