کالاباغ ڈیم کی فوری تعمیر لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا واحد حل ہے:ڈاکٹر سلمان شاہ
اسلام آباد(این این آئی)سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے تناسب سے 8فیصد کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ ملک کو مالیاتی بحران سے نکالنے کیلئے حکومت کو فوری طور پر آئی ایم ایف سے نیا قرضہ لینا ہو گاایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک پر اندرونی اور بیرونی قرضے خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔ جو جی ڈی پی کے تناسب سے 60فیصد سے زائد نہیں ہونے چاہئیں۔جی ایس ٹی میں اضافے سے کھانے پینے کی اشیاءسمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے ۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ افراط زر میں اضافہ کے تناسب سے ہونا چاہیے ۔ایک سوال پر ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ 500ارب روپے کے گردشی قرضوں کی ادائیگی سے لوڈشیڈنگ میں کسی حد تک کمی ہو جائے گی تاہم یہ بجلی کے بحران کا مستقل حل نہیں۔لوڈشیڈنگ کا واحد حل کالا باغ ڈیم کی فوری تعمیر ہے کیونکہ اس وقت یہ واحد منصوبہ ہے جو کم عرصے میں مکمل ہو سکتا ہے۔