دورہ ویسٹ انڈیز : قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کیلئے سلیکٹرز کی مشاورت شروع
دورہ ویسٹ انڈیز : قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کیلئے سلیکٹرز کی مشاورت شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز، پاکستان اے ٹیم کے دورہ سنگاپور اور انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان صلاح و مشورہ کے لیے گذشتہ روز اکھٹے ہوئے۔ سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کھلاڑیوں کی ممکنہ فہرست تیار کر کے پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو جمع کرا دی ہے۔ قوی امکان ہے کہ اگلے ایک دو روز میں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی نے حالیہ چیمپیئنز ٹرافی میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بریک بینی سے جائزہ لیا اور بعض نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے بارے میں غور شروع کر دیا ہے۔ نئے اور پرانے سبھی کھلاڑیوں نے پھر پیڈ باندھ لیے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور خوابوں کو سچ کرنے کے لئے کرکٹرز کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ناصر جمشید، عمر اکمل، ذوالقرنین حیدر، عبدلرو¿ف، احمد شہزاد اور ایوب ڈوگر اکیڈمی میں پریکٹس میں مصروف ہیں۔ اوپنر ناصر جمشید کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں جو غلطیاں ہوئیں اس کا احساس ہے۔ اب ففٹی سے سنچری بنانے کی کوشش کریں گے۔ عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ٹیم سے باہر رہ کر بہت کچھ سیکھا ہے اور سلیکٹرز نے اگر موقع دیا تو ٹیم کا مستقل رکن بن کر دکھائیں گے۔ دورہ ویسٹ انڈیز جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہو گا جس کے لئے چیف سلیکٹر اقبال قاسم سمیت سلیکٹرز سر جوڑ کر بیٹھ چکے ہیں۔