آر می چیف سے چینی سفیر کی ملاقات
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے داسو ڈیم بس واقعہ پر چینی حکومت ، عوام اور غم زدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’’پاک فوج آزمودہ دوست کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہت زیادہ قدر کرتی ہے۔‘‘
بلاشبہ پاک چین دوستی مثالی ہے جو عالمی اور علاقائی امن کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حسد اور بغض کی آگ میں جلنے والا دشمن ہر وقت اس دوستی کو کمزور کرنے کی سازشیں کرتا رہتا ہے۔ داسو ڈیم واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور ایسی ہی سازشوں کے باعث عالمی اور علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ تاہم ضرورت ہے کہ مضبوط اور مثالی پاک چین دوستی کے ذریعے امن دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملا دئیے جائیں جس کا عندیہ بھی آرمی چیف نے چینی سفیر سے اپنی گفتگو میں دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ’’دشمن قوتیں ہمارے عزم کو چیلنج کر رہی ہیں اور خاص طور پر پاکستان چین سٹریٹجک تعاون کے لیے خطرہ ہیں‘‘ اسی کے پیش نظر خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا کیونکہ اسی عزم کے ساتھ بھارت کی شاطرانہ ، مکارانہ چالوں اور سازشوں کا مقابلہ کر کے خطے میں امن و امان سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتاہے کیونکہ پاک چین دوستی بھارت سمیت کئی دشمن ملکوں کے دلوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے اس لیے بھارتی سازشوں کے آگے مکمل بند باندھنے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔