واپڈا سپورٹس بورڈ کے چار کھلاڑی ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر، نیوزرپورٹر)واپڈا سپورٹس بورڈ کے چار کھلاڑی ٹوکیو اولمپکس2021میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 10 رْکنی پاکستانی کھلاڑیوں کے دستہ میں واپڈا سپورٹس کے ارشد ندیم، طلحہ طالب، ماحور شہزاد اور نجمہ پروین شامل ہیں۔ارشد ندیم کا تعلق واپڈا سپورٹس بورڈ کے لیسکو یونٹ سے ہے، وہ جیولن تھرو میں قسمت آزمائی کریں گے۔ گیپکو سے تعلق رکھنے والے طلحہ طالب ویٹ لفٹنگ، این ٹی ڈی سی تعلق رکھنے والی ماحور شہزاد بیڈ منٹن جبکہ فیسکو سے تعلق رکھنے والی نجمہ پروین 200 میٹر ریس میں پاکستان کی جانب سے حصہ لیں گے۔چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی دستہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اْمید ظاہر کی ہے کہ واپڈا سمیت پاکستانی دستہ میں شامل تمام کھلاڑی ایونٹ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔