مشرف غداری کیس ،سینئر وکیل علی ظفر کی پیش ہو نے سے معذرت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سینئر وکیل اور سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن علی ظفر نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ظفر نے معذرت کے بارے میں وزارت قانون کو آگاہ کردیاہے۔علی ظفر نے حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرکے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے وزارت قانون کو لکھا ہے کہ انکے پاس پہلے ہی کام بہت ہے،خصوصی عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا۔ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں مقدمے کو آگے چلانے کیلئے وزارت قانون سے پینل آف ایڈووکیٹس طلب کیا تھا۔وزارت قانون نے علی ظفر،شاہ خاور ایڈوکیٹ۔ریاض حنیف راہی ، راجہ عامر عباس طاہر ملک اور اشفاق شاہ ایڈوکیٹ کے نام خصوصی عدالت کو تجویز کئے تھے۔پینل آف ایڈووکیٹ سے متعلق حتمی فیصلہ خصوصی عدالت کریگی۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 23 جولائی کو ہوگی۔