اسلام آباد کی گرین بیلٹس پر قائم پولیس چیک پوسٹس کو ختم کرائی جائیں
اسلام آباد( خصوصی رپورٹر)وفاقی دارلحکومت سے تجاوزات ختم کرنے کے معاملے میں سی ڈی اے،میونسپل کارپوریشن اور آئی سی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر2018 سے اب تک سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی نے تجاوزات کے خلاف مجموعی طور پر 11783 آپریشن کرکے مارکیٹوں اوت شاہراہوں سے تجاوذات ہٹا دیے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تجاوذات کے خلاف آپریشن آٹھ جون سے جاری ہے جبکہ کچرہ ڈمپ کرنے اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے بھی اقدمات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سیکٹر آئی 12 میں قائم ڈمپنگ سائیٹ کوصاف کر دیا گیا ہے اور قانون کی خلاف ورزی پر تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے ، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کے مشترکہ آپریشن سے قبل 250 نوٹس جاری کیئے گئے۔رپورٹ کے مطابق ایف سکس، ایف سیون ، ایف ٹین اور ایف الیون سمیت اسلام آباد کے تمام مرکزی اور چھوٹی مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔تمام گرین بلٹس پر قائم102 کھوکھے، ڈھابے، چھابڑی ہوٹل اور دیگر تجاوزات ختم کردئیے گئے جبکہ شہر کی تمام بڑی اور چھوٹی شاہراہوں اور عمارتوں کی چھتوں سے بڑے سائز کے بل بورڈ ہٹا دیئے گئے۔رپورٹ کے مطابق کشمیر ہائی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد عمارتوں کے ملبے کو بھی صاف کر دیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ ڈویژن کو درخواست کی گئی ہے کہ اسلام آباد کی گرین بیلٹس پر قائم پولیس چیک پوسٹس کو ختم کرنے کے لیئے آئی جی اسلام آباد کو احکامات جاری کردیں ۔ رپورٹ کے مطابق میونسپل کارپوریشن اسلام آباد رواں شجرکاری مہم کے دوران اسلام آباد میں پانچ لاکھ پودے بھی لگائیگی۔